سورت، 15؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد پٹیل ریزریشن تحریک کے لیڈر ہاردک پٹیل 9 مہینے بعد آج لاجپور جیل سے باہرآئے اور تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ انہیں 56انچ کا سینہ نہیں، بلکہ اپنی کمیونٹی کے لیے حقوق چاہئیں۔جیل سے باہر آکر ہاردک نے صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے او بی سی کوٹہ کے تحت اپنی کمیونٹی کے لیے ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر تحریک جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔غورطلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے2014کے لوک سبھا انتخابات میں تشہیر کے دوران ’56انچ کا سینہ‘ والے تبصرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہاردک نے کہاکہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے بلندی ، وزن یا 56انچ کا سینہ نہیں چاہیے،مجھے تو اپنی کمیونٹی کے لیے حقوق چاہیے ۔ہاردک نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ہماری تحریک جاری رہے گی ۔پٹیل کمیونٹی کے لیے او بی سی درجے کا ہمارا مطالبہ قائم ہے۔آنے والے دنوں میں ہمارے کام کرنے کے طریقے میں تبدیلی آئے گی لیکن ہمارے تیور ایسے ہی برقرار رہیں گے۔گزشتہ ہفتے ہائی کورٹ سے غداری اور وسنگر کے ممبر اسمبلی کے دفتر میں توڑپھوڑ سے متعلق دونوں معاملوں میں ضمانت ملنے کے بعد 22سالہ پٹیل کی رہائی کا راستہ صاف ہو گیا تھا۔غداری کے کیس میں ضمانت دیتے ہوئے عدالت نے یہ شرط لگائی تھی کہ اگلے 6 مہینے تک ہاردک کو گجرات سے باہر رہنا ہو گا ۔عدالت کے حکم کے مطابق ، ہاردک کو جیل سے رہائی کے 48گھنٹوں کے اندر گجرات چھوڑنا پڑے گا۔سورت میں اپنے حامیوں کے ساتھ روڈ شو شروع کرنے سے پہلے صحافیوں سے بات چیت میں ہاردک نے سبھی پارٹیوں کو اس تحریک کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھانے کی دھمکی دی۔